میرے شہر میں اترا برسات کا موسم
میرے شہر میں اترا برسات کا موسم ✍🏻 علی زین برسات کا یہ خوشنما و پر رنگ موسم اور اس موسم کے مسرور کن لمحات!!! سورج کا بادلوں کے ساتھ آنکھ مچولی کھیلنا! کبھی قوسِ قزح کے رنگوں کا افق پہ بکھرنا! کبھی نرم نرم بوندوں کا مٹی کو مہکانا تو کبھی موسلادھار بارش کا رات بھر برسنا۔ بجلی کا چمکنا اور بادلوں کا گرجنا۔ بارش کا موسم بھی کتنا حسین اور خوش نما ہوتا ہے۔ جب ہر چیز نکھری نکھری محسوس ہوتی ہے، ہر پتا، ہر بوٹا ہر گل خوشی اور سرمستی سے لہراتا ہے۔ مٹی کی سوندھی خوشبو حواسوں پر چھا جاتی ہے۔یہ وہ موسم ہے جب دل بلاوجہ خوشی سے جھومنے لگتا ہے۔ جب ٹپ ٹپ گرتی ہوئی بوندوں کی آواز موسیقی سے بھلی لگتی ہے تب دل چاہتا ہے کہ تمام فکروں سے آزاد ہو کر کھلے آسمان کے نیچے کھڑے ہو کر ہر بوند کو اپنے اندر سمو لیں۔ سنا ہے موسم کچھ نہیں ہوتا اصل اندرونی کیفیت ہوتی ہے جو ہم پہ مسلّط ہو کے خوش و خرم یا افسردہ حال بنا دیتی ہے لیکن مزکورہ بات کے قائل طبقات بھی ایک موسم کے سحر میں مبتلا ہوئے بنا نہیں رہ پاتے اور وہ موسم، برسات کا موسم ہے جون جولائی کی جھلسا دینے والی گرمی ہو یا دسمبر جنوری کا سخت ج...